جامن کے فوائد /jamun
جامن کے فوائد /jamun

متعدد خوبیوں سے بھرہور جامن ذیابیطس کے مریضوں کے لیے انتہائی مفید

ذیابیطس میں بلڈ گلوکوز کی سطح غیر معمولی طور پہ بلند ہو جاتی ہے ۔ گلوکوز کی مقدار زیادہ ہو تو پیشاب کے ساتھ خارج ہوتی ہے ۔ یہ صورتحال جسم میں انسولین کی کمی یا خاتمے کی وجہ سے جنم لیتی ہے ۔ جس کے نتیجے میں کاربو ہائیڈریس ،پروٹینز اور فیٹس کے میٹابولیزم میں خرابیاں واقع ہوتی ہیں جس کی وجہ سے کئی دیگر امراض بھی جنم لینے لگتے ہیں ۔ ذیابیطس کا علاج کئی قدرتی چیزوں سے بھی کیا جاتا ہے ۔ ذیابیطس کے علاج میں جامن بہت اہم اور مفید پایا گیا ہے ۔ جامن غذائیت اور افادیت کے لحاظ سے ایک بہترین اور مکمل غذا ہے ۔


جامن قوت باہ بڑھاتا ہے ،بھوک بڑھاتا ہے ،صفراوی دستوں میں تسکین دیتا ہے اور بند کرا دیتا ہے ۔ گرم مزاج والے خواتین و حضرات کے معدہ و جگر کو قوت دیتا ہے ۔ خون کے جوش کو دور کرتا ہے ۔ جامن کا سرکہ ورم میں مفید ہے ۔ خون کی کمی کو پورا کرتا ہے اور خون کی صفائی بھی کرتا ہے ۔ پیشاب کی جلن میں مفید ہے ۔ معدہ ،آنتوں کی کمزوری کو دور کرنے کے لیے ایک پاؤ جامن کے سرکے میں تین پاؤ چینی ملا کر سکنجبین بنا کر صبح و شام استعمال کرنا فائدہ مند ہے ۔جلنے سے بنے ہوئے سفید داغوں پر جامن کے خشک پتے تین گرام پیس کر چوبیس گرام مکھن میں ملا کر بطور مرہم لگانے سے داغ دور ہو جاتے ہیں ۔ گرم طبیعت والوں کے گرتے ہوئے بالوں کو روکتا ہے ۔جامن کی چھال کا جوشاندہ پرانے اسہال اور پیچش میں مفید مانا گیا ہے ۔


جامن کی گٹھلیوں کا سفوف جسے سایہ میں خشک کرکے بنایا گیا ہو تین گرام سردیوں میں ہمراہ شربت انجبار چاٹ لینے سے ہر قسم۔کی پیچش دور ہو جاتی ہے ۔ رات کی بدخوابی میں جامن کی گٹھلی کا سفود بارہ گرام صبح و شام ہمراہ پانی استعمال کرنا مفید ہوتا ہے ۔ جامن کا کھانا آواز کو درست کرتا ہے اور گلے کو بھی صاف کرتا ہے ۔
دست اور پیچش روکنے کے لیے مغز تخم جامن ،آم کی گٹھلی کا مغز ،ہلیلہ سیاہ ہم وزن لے کر سفوف بنا لیں ۔ تین گرام سفوف پانی کے ساتھ لینا مفید بتایا جاتا ہے ۔ ذیابیطس کے مریض کے لیے سایہ میں خشک کی ہوئ چھال باریک پیس کر چھ گرام سفوف صبح ،دوپہر اور شام پانی کے ساتھ لینا مفید ہے ۔ جامن کی گٹھلیاں کوٹ کر سفوف بنائیں صبح و شام تین گرام سفوف پانی کے ساتھ استعمال کریں ذیابیطس کنٹرول ہو جائے گا


اگر پاؤں میں جوتے کا زخم ہو جائے تو جامن کی گٹھلی پیس کر لگانے سے جلد آرام ملتا ہے ۔ جامن میں پروٹین ،فیٹ،کیلشیم،فائبر،کاربوہائڈریٹ ،فاسفورس،وٹامن سی اور وٹامن بی کمپلیکس پایا جاتا ہے ۔ اس میں کیلوریز بھی پائی جاتی ہیں ۔ جامن شفابخش پھل ہے ۔ اس کا پھل ،بیج ،پتے یہاں تک کہ چھال بھی مفید ہے اور ان میں پروٹین ،کاربوہائڈریٹ اور کیلشیم پایا جاتا ہے ۔ جو کسی نہ کسی طبی ضرورت میں کام آتا ہے۔ جامن کے گودے خشک کرکے اس کا سفوف بنا کر انظام انہضام کے مسائل میں استعمال کیا جاتا ہے ۔ جامن کے درخت کی جڑ کو پانی میں ابال کر گرم۔پانی جوڑوں کے مریض کے جوڑوں پر ڈالا جائے تو آرام ملتا ہے اور درد کم ہوتا ہے ۔

شیئر کریں

کمنٹ کریں