عشق و محبت (منتخب شاعری)

Read love Urdu Poetry and enjoy the atmosphere of Urdu literature by reading your favourite Romantic Urdu Poetry

پیار، عشق اور محبت پر منتخب شاعری

پیار، عشق اور محبت۔۔۔ جو بھی اِس کا نام لے۔۔۔ پہلے دل کو تھام لے، نام لینے سے پہلے محبت ہوجاتی ہے! یہ موضوع اردو شاعری کا محور ہے۔ اردو کے ہر خاص و عام شاعر نے عشق محبت کے مضامین پر ضرور اشعار کہے، غزلیں لکھیں اور بہترین نظمیں تخلیق کی ہیں۔ عشقیہ جذبات کے بغیر اردو شاعری کی روایت بالکل نامکمل ہے۔ ایک عاشق اپنے معشوق کی یاد میں، اس کے ہجر میں مبتلاء ہو کر یا اس کے وصل کی تقدیر پا کر اپنے جذبات کا اظہار خوبصورت عشقیہ اشعار ہی سے کرتا ہے۔ ایسی شاعری ایک عاشق کے دل کی آواز ہوتی ہے، اسی لیے پراثر ہوتی ہے اور واردات ِ قلبی میں بہت بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ آئیے وصی شاہ کی ایک غزل سے شروعات کرتے ہیں۔

باندھ لیں ہاتھ پہ سینے پہ سجا لیں تم کو
جی میں آتا ہے کہ تعویذ بنا لیں تم کو
۔
پھر تمہیں روز سنواریں تمہیں بڑھتا دیکھیں
کیوں نہ آنگن میں چنبیلی سا لگا لیں تم کو
۔
جیسے بالوں میں کوئی پھول چنا کرتا ہے
گھر کے گلدان میں پھولوں سا سجا لیں تم کو
۔
کیا عجب خواہشیں اٹھتی ہیں ہمارے دل میں
کر کے منا سا ہواؤں میں اچھالیں تم کو
۔
اس قدر ٹوٹ کے تم پہ ہمیں پیار آتا ہے
اپنی بانہوں میں بھریں مار ہی ڈالیں تم کو
۔
کبھی خوابوں کی طرح آنکھ کے پردے میں رہو
کبھی خواہش کی طرح دل میں بلا لیں تم کو
۔
ہے تمہارے لیے کچھ ایسی عقیدت دل میں
اپنے ہاتھوں میں دعاؤں سا اٹھا لیں تم کو
۔
جان دینے کی اجازت بھی نہیں دیتے ہو
ورنہ مر جائیں ابھی مر کے منا لیں تم کو
۔
جس طرح رات کے سینے میں ہے مہتاب کا نور
اپنے تاریک مکانوں میں سجا لیں تم کو
۔
اب تو بس ایک ہی خواہش ہے کسی موڑ پر تم
ہم کو بکھرے ہوئے مل جاؤ سنبھالیں تم کو

اب عشق اور محبت کے موضوعات پر کچھ متفرق اشعار کا انتخاب پیش ِ نظر ہے:

اجالے اپنی یادوں کے ہمارے ساتھ رہنے دو
نہ جانے کس گلی میں زندگی کی شام ہو جائے
بشیر بدر
۔
رنجش ہی سہی دل ہی دکھانے کے لیے آ
آ پھر سے مجھے چھوڑ کے جانے کے لیے آ
احمد فراز
۔
اس کی یاد آتی ہے سانسو ذرا آہستہ چلو
دھڑکنوں سے بھی عبادت میں خلل پڑتا ہے
راحت اندوری

Image result for ishq poetry

اور کیا دیکھنے کو باقی ہے
آپ سے دل لگا کے دیکھ لیا
فیض احمد فیض
۔
ہوش والوں کو خبر کیا بے خودی کیا چیز ہے
عشق کیجے پھر سمجھیے زندگی کیا چیز ہے
ندا فاضلی
۔
نہ جی بھر کے دیکھا نہ کچھ بات کی
بڑی آرزو تھی ملاقات کی
بشیر بدر
۔
زندگی کس طرح بسر ہوگی
دل نہیں لگ رہا محبت میں
جون ایلیاء

Image result for ishq poetry

آپ کے بعد ہر گھڑی ہم نے
آپ کے ساتھ ہی گزاری ہے
فراق گورکھپوری
۔
کروں گا کیا جو محبت میں ہوگیا ناکام
مجھے تو اور کوئی کام بھی نہیں آتا
غلام محمد قاصر
۔
عشق پر زور نہیں ہے یہ وہ آتش غالب
کہ لگائے نہ لگے اور بجھائے نہ بنے
مرزا غالب
۔
تم محبت کو کھیل کہتے ہو
ہم نے برباد زندگی کر لی
بشیر بدر
۔
مجھے اب تم سے ڈر لگنے لگا ہے
تمہیں مجھ سے محبت ہو گئی کیا
جون ایلیاء

Image result for ishq poetry

شیئر کریں
مدیر
مصنف: مدیر
لفظ نامہ ڈاٹ کام کی اداریہ ٹیم کے مدیران کی جانب سے
2 کمنٹ

کمنٹ کریں