جلد کو خشک ہونے سے سرد موسم میں کیسے بچائیں

مضمون نگار سید شہباز عالم

یہ حقیقت ہے کہ بازار میں دستیاب کریم اور لوشن نا پائدار ہیں ۔ بہتر یہ ہے کہ آپ قدرتی اشیاء کا ہی استعمال کریں ۔

, جلد کو خشک ہونے سے سرد موسم میں کیسے بچائیں

زیادہ تر خواتین کی جلد سردی کا موسم آتے ہی خشک ہوکر مرجھانے لگتی ہے ۔ اس سے بچنے کے لیے خواتین مہنگے مہنگے لوشن اور کریم کا استعمال کرتی ہیں ۔ اس سے بظاہر جلد میں وقتی طور پہ نمی کا اور ملائمت کا احساس تو ہوتا ہے مگر یہ بازار کے کیمیکل ملے ہوئے لوشن اور کریم ہر گزپائدار نہیں ہے ۔ بلکہ جلد کے لئے نقصان دہ ہیں ۔ اس سے بہتر ہے کہ آپ قدرتی اشیاء کا استعمال کریں ۔ جو کم خرچ بھی ہو اور آسان بھی۔

جلد کو نرم ملائم اور چمکدار بنانے کا نسخہ آپ کے کچن میں ہی موجود ہے ۔ آپ ان دس اشیاءکا استعمال کرکے اپنی جلد کی صحت مند انہ چمک واپس لا سکتی ہیں جو ہم بتانے والے ہیں ۔ یہ عام گھریلو ٹوٹکے مختلف جلدی مسائل سے بھی پوری طرح بچاتے ہیں۔

1۔دہی
سر دیوں میں جلد کو ملائم ، ہموار اور چمکدار رکھنا ہے تو آدھے کپ دہی میں تین چائے کے چمچ شہد اور تین کھانے کے چمچ چینی ملائیں، اس آمیزے کو اپنے چہرے پر لگائیں اور تین سے چار منٹ تک نرمی سے انگلیوں سے مساج کریں۔ اس کے بعد ٹھنڈے پانی سے منہ دھولیں۔

2۔ جو
جو ایک ایسا گندم ہے جو ورم کش اور اینٹی آکسائیڈنٹس خصوصیات رکھتا ہے جو جلد کے لئے بیحد مفید ہے یہ خشک جلد کے مسئلے سے نمٹنے میں مدد دیتا ہے ۔ تین کھانے کے چمچ جو، ایک چائے کا چمچ شہد چوتھائی کپ دودھ میں ملائیں۔ اس مکسچر کو چہرے پر لگائیں اور دس منٹ کے لیے چھوڑ دیں، اس کے بعد پانی سے منہ دھولیں۔آپکا چہرہ گلو کرنے لگے گا ۔

3۔نیم کے پتے
نیم کے پتے جلد کی نمی کی بحالی اور خارش میں کمی لانے میں مدد دیتے ہیں۔ دو ٹی اسپون نیم کے پتوں کا پاؤڈر ایک ٹی اسپون شہد کو چٹکی بھر ہلدی میں مکس کرکے پیسٹ بنالیں۔ اسے چہرے پر لگائیں اور دس سے بارہ منٹ تک خشک ہونے دیں۔ اس کے بعد پانی سے دھولیں، اگر جلد بہت خشک ہے تو اس مکسچر میں تھوڑی سی ملائی بھی شامل کرسکتی ہیں۔

4.لیموں
دو کھانے کے چمچ لیموں کے عرق میں ایک کھانے کا چمچ شہد ملانا موسم سرما میں جلد کی نمی بحال رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ اس مکسچر کو چہرے پر لگا کر پندرہ منٹ کے لیے لگا رہنے دیں اور پھر پانی سے دھولیں۔

5۔ شہد
شہد کے فوائد بتانے کی ضرورت نہیں ہے ، اس کا استعمال تو سنت نبوی ہے۔ یہ کھانے میں تو مفید ہے ہی یہ خشک جلد سے نجات کے لیے بھی بہترین ہے، اس مقصد کے لیے دوکھانے کے چمچ ملک پاؤڈر کو ایک چائے کے چمچ شہد اور چٹکی بھر ہلدی کو اچھی طرح مکس کریں۔ اس پیسٹ کو چہرے پر لگا کر پندرہ منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔ اس کے بعد پانی سے منہ دھولیں۔

6.ناریل کا تیل
ناریل کے تیل میں موجود فیٹی ایسڈز جلد کی قدرتی نمی کو لوٹانے میں مدد دیتا ہے، اس مقصد کے لیے جلد کے ایسے حصوں پر روزانہ ایک یا دو بار معمولی گرم تیل سے مالش کریں ۔ اگر آپکی جلد زیادہ خشک ہوچکی ہے تو آپ فوری مثبت اثر محسوس کریں گی۔

7۔ کیلے
ناریل کے تیل کو کیلے میں مکس کرکے پیسٹ بنائیں اور اسے چہرے پر لگاکر بیس منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔ اس کے بعد ٹھنڈے پانی سے منہ دھولیں، یہ عمل ہفتے میں ایک یا دو بار دہرائیں۔یہ بھی جلد کی خشکی کو دور کرتا ہے ۔

8۔ایلو ویرا
کوار گندل یا ایلو ویرا جیل خشک جلد سے نجات کے لیے بیحدموثر ہے ۔ اس کے اندرجلد کو سکون اور نمی پہنچانے والی خصوصیات ہیں۔ ایلوویرا جیل کو چہرے پر لگاکر مساج کریں تاکہ وہ جلد میں جذب ہوسکے۔اسے رات بھر کے لیے لگا رہنے دیں تو بہتر رزلٹ ملے گا۔

9۔سیب کا سرکہ

سیب کا سرکہ اینٹی آکسائیڈنٹس اوروٹامنز اور منرلز سے بھرپور ہوتا ہے جو کہ جلد میں موجود قدرتی آئلز کو توازن میں رکھ کر جلد کی صحت بہتر ین بناتا ہے۔ آدھا کھانے کے چمچ سیب کے سرکے کو آدھے چائے کے چمچ پانی میں ملائیں۔ اس کے بعد آدھا چائے کا چمچ شہد بھی ملائیں دو کھانے کے چمچ عرق گلاب اور زیتون کے تیل بھی شامل کریں۔ اسے جلد کے خشک حصوں پر لگائیں اور دس منٹ بعد دھولیں۔ اس کی جراثیم کش خوبیاں کیل مہاسوں کو کنٹرول میں رکھتی ہیں جبکہ جلد کو نرم اور لچکدار بنانے کا کام بھی کرتی ہیں۔

10۔ گھی
دیسی گھی میں نمی بحال کرنے کی حیرت انگیز خصوصیات موجود ہے۔ یہ نہ صرف جلد کی خشکی کم کرتا ہے بلکہ ہونٹ پھٹنے کے مسئلے کو بھی دور کرتا ہے۔ اسے چہرے پر لگائیں اور رات بھر کے لیے چھوڑ دیں۔ یہ عمل ہر رات دہرائیں۔ ناف میں گھی لگانے سے بھی بہت فائدہ حاصل ہوتا ہے ۔

شیئر کریں

کمنٹ کریں