لفظ شدت پر شاعری

لفظ شدت پر شاعری اشعار

شدت غم کی ہو یا عشق کی، نفرت کی ہو یا محبت کی، انسانی جذبات کے اظہار کی بلند پائیگی کو بیان کرنے والا محرک ہے۔ لفظ شدت کے استعمال سے مختلف موضوعات پر اردو کے نامور اور بہترین شعراء نے بہت عمدہ اشعار تخلیق کیے۔ آئیے ایسے ہی چند بہترین اشعار پڑھتے ہیں

تمہاری یاد کی شدت میں بہنے والا اشک
زمیں میں بو دیا جائے تو آنکھ اگ آئے
حارث بلال
۔
اک دوسرے سے خوف کی شدت تھی اس قدر
کل رات اپنے آپ سے میں خود لپٹ گیا
فرحت عباس
۔
غزل میں جب تلک احساس کی شدت نہ ہو شامل
فقط الفاظ کی کاریگری محسوس ہوتی ہے
سندیپ گپتے
۔
شدت ِشوق میں کچھ اتنا اسے یاد کیا
آئینہ توڑ کے تصویر نکل آئی ہے
منظور ہاشمی

لفظ شدت پر شاعری

شدت انتظار کام آئی
ان کی تحریر میرے نام آئی
شجاع خاور
۔
کتنی شدت سے تجھے چاہا تھا
کبھی کچھ اور نہیں سوچا تھا
محمود شام
۔
تیرے لہجے میں یہ جو شدت ہے
یہ کوئی ان کہی شکایت ہے
طارق عثمانی
۔
بہت شدت سے جو قائم ہوا تھا
وہ رشتہ ہم میں شاید جھوٹ کا تھا
شمامہ افق

لفظ شدت پر شاعری

تیرگی کی شدت کو صبح کا ستارا لکھ
پھیلنے ہی والا ہے ہر طرف اجالا لکھ
جاوید اختر بیدی
۔
مرے خلوص کی شدت سے کوئی ڈر بھی گیا
وہ پاس آ تو رہا تھا مگر ٹھہر بھی گیا
شکیب جلالی
۔
ہر ایک زخم کی شدت کو کم کیا جاتا
نمک سے کام نہ مرہم کا گر لیا جاتا
نبیل احمد نبیل
۔
رستہ بھی کٹھن دھوپ میں شدت بھی بہت تھی
سائے سے مگر اس کو محبت بھی بہت تھی
پروین شاکر

لفظ شدت پر شاعری

اتنی شدت سے گلے مجھ کو لگایا ہوا ہے
ایسا لگتا ہے کہ وقت آخری آیا ہوا ہے
ضیا ضمیر
۔
یوں درد کی شدت سے پکاری مری آنکھیں
خوابوں کے بکھر جانے سے ہاری مری آنکھیں
اسماء ہادیہ
۔
ساقی مرے خلوص کی شدت کو دیکھنا
پھر آ گیا ہوں گردش دوراں کو ٹال کر
عبد الحمید عدم

لفظ شدت پر شاعری

وصل نے تو مجھے شدت کی تپش میں رکھا
ہجر تھا جس نے مجھے سایۂ دیوار دیا
اہتمام صادق
۔
کچھ درد کی شدت ہے کچھ پاس محبت ہے
ہم آہ تو کرتے ہیں فریاد نہیں کرتے
فنا نظامی کانپوری
۔
اک دن دکھ کی شدت کم پڑ جاتی ہے
کیسی بھی ہو وحشت کم پڑ جاتی ہے
کاشف حسین غائر
۔
راس آتی ہی نہیں جب پیار کی شدت مجھے
اک کمی اپنی محبت میں کہیں رکھوں گا میں
غلام حسین ساجد
۔
اپنے احساس کی شدت کو بجھانے کے لئے
میں نئی طرز کے خوش فکر رسالے مانگوں
اکمل امام

شیئر کریں
مدیر
مصنف: مدیر
لفظ نامہ ڈاٹ کام کی اداریہ ٹیم کے مدیران کی جانب سے

کمنٹ کریں