اردو لغت ڈائون لوڈ

اردو لغت ڈکشنری

انٹرنیٹ پر مختلف ویب سائٹس اردو ڈکشنری کی سہولیات فراہم کر رہی ہیں لیکن اگر غور کیا جائے تو ہر اردو لغت دوسری سے کسی نہ کسی طرز پر مختلف ہوتی ہے۔ ذیل میں چند بہترین اردو لغات کو ان کی خصوصیات کے ساتھ لکھا گیا ہے اور ڈائون لوڈ کرنے یا آن لائن پڑھنے کا لنک بھی فراہم کیا گیا ہے۔ اس کے ذریعے آپ اپنی پسند کی اردو لغت ( اردو ڈکشنری) کی ویب سائٹ پر جا کر وہاں سے اسے ڈائون لوڈ کر سکتے ہیں یا وہیں اس کا مطالعہ کر سکتے ہیں۔

ریختہ اردو ڈکشنری

یہ آن لائن لغت ہے یعنی اسے ڈائون لوڈ نہیں کیا جا سکتا البتہ لنک کے ذریعے کھول کر پڑھا جا سکتا ہے۔ اسے معروف ادبی ادارے ریختہ نے ترتیب دیا ہے۔ اس ڈکشنری کی خصوصیت یہ ہے کہ اس کے ذریعے اردو لفظ کے معانی بیک وقت اردو، ہندی اور انگریزی میں دیکھے جا سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ بعض الفاظ کا صوتی تاثر آڈیو کی صورت میں سناتی بھی ہے۔ ریختہ لغت پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

اردو لغت

اس لغت کی ترتیب و تدوین میں قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویزن، حکومت ِ پاکستان کا کردار ہے۔ اس ڈکشنری کے ذریعے اردو الفاظ کے اردو تراجم کے ساتھ ساتھ ان کی ماہیت و بنیاد کے بارے میں بھی جانا جا سکتا ہے۔ یہ لغت لفظ کی مختلف خوبیوں کے بارے میں بتانے کے ساتھ ساتھ الفاظ کا استعمال بھی بتاتی ہے۔ اس ضمن میں مشہور کتب سے جملے اخذ کر کے اور مشہور اشعار کو بطور مثال پیش کر کے الفاظ کا استعمال دکھایا جاتا ہے۔ اردو لغت ایک آن لائن لغت ہے اسے ڈائون لوڈ نہیں کیا جا سکتا، اسے پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

اردو لغت انفو

یہ بھی گزشتہ اردو لغات کی طرح ایک آن لائن ڈکشنری ہے جو اردو الفاظ کے مطالب اور دیگر خصوصیات بیان کرتی ہے۔ اس کی ایک خوبی یہ ہے کہ اردو لغت ڈاٹ انفو، مفصل تفصیل فراہم کرتی ہے۔ اس کا استعمال سہل ترین ہے، وسیع الفاظ کا ذخیرہ ہے اور تلاش کے جدید طریقے دیے گئے ہیں۔ اردو لغت انفو ایک آن لائن ڈکشنری ہے یعنی ڈائون لوڈ نہیں کی جاسکتی، اسے پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

اردو پوائنٹ ڈکشنری

اردو پوائنٹ ایک آن لائن ادبی ادارہ ہے جس کے تحت اردو پوائنٹ ڈکشنری ترتیب دی گئی ہے۔ یہ لغت اردو الفاظ کے انگریزی تراجم بتاتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اس ڈکشنری میں یہ خصوصیت ہے کہ اس کے ذریعے نئے اور نامانوس الفاظ کو سیکھنے میں آسانی رہتی ہے۔ یہ ڈکشنری ایسے الفاظ کی خود کار فہرست مرتب کر کے دکھاتی ہے۔ اردو پوائنٹ اردو لغت کا مطالعہ کرنے کے لیے اس لنک پر کریں۔

جہانگیر اردو لغت

یہ لغت آن لائن نہیں ہے بلکہ اسے ڈائون لوڈ کر کے اپنے کمپیوٹر یا موبائل فون میں محفوظ کیا جا سکتا ہے اور انٹرنیٹ نہ ہونے کی صورت میں بھی اس کا مطالعہ کیا جا سکتا ہے۔ خود میں ایک جامع ترین لغت ہے۔ اس میں ضرب الامثال، قدیم اور جدید الفاظ کے مرکبات اور دیگر اصطلاحات بھی تفصیل کے ساتھ موجود ہیں۔ جہانگیر اردو لغت کو ڈائون لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

عربی اردو لغت

جیسا کہ نام سے ظاہر ہے، اس لغت کے ذریعے اردو سے عربی اور عربی سے اردو الفاظ کے معانی اور دیگر معلومات کے حوالے سے تفہیم کی جا سکتی ہے۔ یہ ایک اوپن آن لائن ڈکشنری ہے یعنی کہ اسے ڈائون لوڈ نہیں کیا جا سکتا بلکہ آن لائن ہی اس کا مطالعہ کیا جا سکتا ہے جبکہ اس میں خود بھی الفاظ اور تراجم شامل کیے جا سکتے ہیں۔ عربی اردو لغت کا مطالعہ کرنے کے لیے اس لنک پر کلک کریں۔

فرہنگِ آصفیہ

یہ اردو لغت، اردو زبان کی چند بہترین لغات میں سے ایک ہے۔ نہایت ضخیم اور جامع ہونے کے ساتھ ساتھ الفاظ کے متعلق تقریبا ہر طرح کی تفصیل اس میں پائی جاتی ہے۔ اس لغت کو متعدد ادباء، شعراء اور زبان دانوں نے نہ صرف اپنے مطالعے کے لیے استعمال کیا بلکہ کسی حد تک مستند بھی قرار دیا ہے۔ فرہنگ ِ آصفیہ مختلف ویب سائٹس پر آن لائن مطالعہ کے لیے بھی موجود ہے اور ڈائون لوڈ کے لیے بھی۔ اسے اردو ویب سے ڈائون لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

شیئر کریں
مدیر
مصنف: مدیر
لفظ نامہ ڈاٹ کام کی اداریہ ٹیم کے مدیران کی جانب سے

کمنٹ کریں